85

محبت کائناتی مسئلہ ہے۔ ۔عمیر نجمی

مجھے پہلے پہل لگتا تھا ، ذاتی مسئلہ ہے
میں پھر سمجھا ، محبت کائناتی مسئلہ ہے

پرندے قید ہیں ، تم چہچہاہٹ چاہتے ہو
تمہیں تو اچھا خاصا نفسیاتی مسئلہ ہے

بڑی مشکل ہے بنتے سلسلوں میں یہ توقف
ہمارے رابطوں کی بے ثباتی مسئلہ ہے

وہ کہتے ہیں کہ جو ہوگا وہ آگے جا کے ہوگا
تو یہ دنیا بھی کوئی تجرباتی مسئلہ ہے

ہمیں تھوڑا جنوں درکار ہے تھوڑا سکوں بھی
ہماری نسل میں اک جینیاتی مسئلہ ہے

کبھی تم مل نہیں پاتے کبھی فرصت ندارد
ہمارے ساتھ بس یہ دو نکاتی مسئلہ ہے

ہمارا وصل بھی تو اتفاقی ، مسئلہ تھا
ہمارا ہجر بھی اب حادثاتی ، مسئلہ ہے !!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

محبت کائناتی مسئلہ ہے۔ ۔عمیر نجمی” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں